عظمیٰ خان کیس: ’غلط فہمی ہوگئی تھی‘، ملک ریاض کی بیٹیوں اور آمنہ عثمان کے خلاف مقدمہ واپس

 ’غلط فہمی ہوگئی تھی‘، ملک ریاض کی بیٹیوں اور آمنہ عثمان کے خلاف مقدمہ واپس






اداکارہ اور ماڈل عظمیٰ خان نے پاکستان کی مشہور کاروباری شخصیت ملک ریاض کی بیٹیوں اور آمنہ عثمان کے خلاف مبینہ تشدد کا مقدمہ واپس لے لیا ہے۔

عظمیٰ خان کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقدمہ غلط فہمی کی بنیاد پر دائر کیا گیا تھا اس لیے وہ مقدمے میں کوئی گواہی یا شہادت پیش نہیں کرنا چاہتیں۔
اداکارہ عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت کیس میں مزید کارروائی نہ کرنے سے متعلق بیان کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نعمان ناصر کے روبرو قلمبند کروایا۔
واضح رہے کہ پولیس نے آمنہ عثمان سمیت دیگر کے خلاف گھر میں گھس کر تشدد کرنے اور قیمتی اشیا کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور زخمی کرنے کی دفعات بھی شامل تھیں۔
عظمیٰ خان کی بہن ہما خان کا کہنا تھا کہ ان پر ایف آئی آر میں درج ملزمان میں سے کسی نے بھی تشدد نہیں کیا اور وہ گھر میں رکھے میز سے گرنے والے گلاس کے باعث زخمی ہوئیں۔



خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کے آخر میں سوشل میڈیا پر چند ویڈیوز گردش کر رہی تھیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین خواتین مسلح محافظوں کے ہمراہ اداکارہ 'عظمیٰ خان کے گھر' میں داخل ہوتی ہیں اور انھیں اور ان کی بہن کو تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ توڑ پھوڑ کی جاتی ہے۔
ان ویڈیوز کے منظر پر آنے کے بعد پاکستان میں سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوا تھا جس کے بعد 26 مئی کو پولیس نے آمنہ عثمان سمیت دیگر کے خلاف گھر میں گھس کر تشدد کرنے اور قیمتی اشیا کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
مقدمے میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور زخمی کرنے کی دفعات بھی شامل تھیں اور یہ مقدمہ درج ہونے کے چند روز بعد ہی لاہور میں کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے آمنہ عثمان، پشمینہ ملک اور عنبر ملک کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔


دوسری جانب اداکارہ عظمیٰ خان اور آمنہ عثمان اور ملک ریاض کی بیٹیوں کے درمیان تصفیے کی خبریں گذشتہ چند روز سے گردش کر رہی تھیں اور عظمیٰ خان کی وکیل خدیجہ صدیقی نے خود کو پیر کو اس مقدمے سے علیحدہ کر لیا تھا۔
انھوں نے پیر کی شب بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے یہ فیصلہ فریقین کے درمیان مبینہ تصفیے کی خبروں کے بعد کیا ہے اور وہ سمجھتی ہیں کہ یہ ان کی موکلہ کی نہیں بلکہ اس نظام کی شکست ہے جس نے انھیں مایوس کیا۔
گذشتہ جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں عظمیٰ خان کے وکیل میاں علی اشفاق نے کہا تھا کہ ان کی مؤکلہ کو جان کا خطرہ ہے لہذا حکومت انھیں فوری طور پر سکیورٹی فراہم کرے۔
اس دوران لین دین اور صلح سے متعلق ایک سوال پر عظمیٰ خان نے کہا تھا کہ اگر ایسا کچھ ہوتا تو ’آج یہاں نہ ہوتی‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر انھیں بات ختم کرنا ہوتی اور لین دین ہی کرنا ہوتا تو وہ یہ مقدمہ ہی درج نہ کراتیں۔

ویڈیوز میں کیا تھا؟

پہلی ویڈیو میں اداکارہ عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان سے ایک خاتون کو بظاہر اپنے شوہر کے ساتھ مبینہ تعلقات کے متعلق سوالات کرتے سُنا جا سکتا ہے۔ سوال کرنے والی خاتون اس ویڈیو میں خود نظر نہیں آ رہی ہیں۔


اس ویڈیو کے بعد اس مبینہ واقعے سے جڑی مزید ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہیں، جس کے بعد عظمیٰ خان نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان کی ایک معروف کاروباری شخصیت کی بیٹیوں نے مبینہ طور پر اپنے گارڈز کے ساتھ زبردستی ان کے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی، انھیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ہراساں کیا۔

اداکارہ عظمیٰ خان کی پریس کانفرنس

جمعرات کو لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ خان کے وکیل میاں علی اشفاق نے بتایا تھا کہ ان کی مؤکلہ اور عثمان ملک کا گذشتہ دو برس سے تعلق تھا اور وہ عظمیٰ سے شادی کرنا چاہتے تھے لیکن دسمبر 2019 میں عظمیٰ خان کی جانب سے اس رشتے کو ختم کر دیا گیا لیکن اس کے باوجود عثمان ملک ان کی مؤکلہ سے رابطہ کرتے رہے۔
اس پریس کانفرنس میں عظمیٰ خان نے عثمان ملک کی اہلیہ آمنہ عثمان کے اس دعوے کی تردید کی کہ وہ پہلے بھی انھی کئی بار وارننگ دے چکی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان کی آمنہ عثمان سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب انھوں نے ان کے گھر پر دھاوا بولا۔ عظمیٰ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل نہ ان کی آمنہ عثمان سے ملاقات ہوئی اور نہ ہی کبھی فون پر بات کی۔



Post a Comment

0 Comments